بھٹکل، 3 دسمبر (ایس او نیوز): بھٹکل تعلقہ لیول پرتیبھا کارنجی مقابلوں میں ملی اسکولوں کے طلبہ نے بھی مختلف زمروں میں اول مقام حاصل کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ لیول مقابلوں کے لیے اپنی جگہ بنائی ہے۔
بھٹکل بلاک ایجوکیشن آفس کی فراہم کردہ معلومات کے مطابق، ہائی اسکول طلبہ کے اُردو تقریری مقابلے میں نونہال سینٹرل اسکول کی مریم سدی باپا نے اول مقام حاصل کیا، قرأتِ قرآن میں علی پبلک بوائز اسکول کے مطیع الرحمن کامیاب ہوئے، جبکہ غزل مقابلے میں علی پبلک گرلز اسکول کی حفصہ شیخ نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔
لوئر پرائمری زمرے میں، انجمن آزاد پرائمری اسکول کی رِدا شیخ نے اُردو نظم کے مقابلے میں، اور فاطمہ انعم گوائی نے قرأتِ قرآن میں اول مقام حاصل کیا۔ ہائیر پرائمری طلبہ کے درمیان، علی پبلک گرلز اسکول کی ذکریٰ برماور نے اُردو نظم کے مقابلے میں اور علی پبلک بوائز اسکول کے شیث نے قرأتِ قرآن کے زمرے میں نمایاں کامیابی حاصل کی۔
تعلقہ لیول میں اول مقام حاصل کرنے والے یہ طلبہ اب ڈسٹرکٹ لیول پرتیبھا کارنجی مقابلوں میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔ اس موقع پر تمام اسکولوں کے ذمہ داران اور اساتذہ نے کامیاب طلبہ کو مبارکباد دی اور ان کی مزید ترقی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ بھٹکل تعلقہ میں 228 اسکولز موجود ہیں، جن میں سرکاری، نیم سرکاری، اور نجی ادارے شامل ہیں۔ کلسٹر لیول کے مقابلوں میں کامیاب طلبہ تعلقہ لیول تک پہنچتے ہیں، اور تعلقہ لیول میں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ ڈسٹرکٹ لیول مقابلوں میں حصہ لینے کے اہل قرار پاتے ہیں۔